یہ اللہ تعالیٰ کا فضل اور احسان ہے کہ اس پرفتن دور میں خواتین اور بچیوں کی دینی تعلیم اور تربیت کےلئے تقریبا آٹھ سال پہلے جامعہ مریم للبنات دور حاضر کی عظیم روحانی شخصیت حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی کی سرپرستی میں ان کی رہنمائی اور دعاؤں کے ساتھ قائم کیا گیا، اور حضرت جی دامت برکاتہم کےخلیفہ مجاز حضرت مولانا حافظ محمد سہیل عرفان نقشبندی کی نگرانی میں تسلسل کے ساتھ مختلف دینی اورتعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے،
الحمدالله جامعہ مریم للبنات وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے تمام درجات میں الحاق شدہ ہے، جامعہ سے تعلیم حاصل کرنے والی کل وقتی طالبات کا پہلا بیچ وفاق المدارس العربیہ کا چار سالہ درس نظامی کورس اور دو سالہ “دراسات دینیہ کورس” مکمل کر کے اور وفاق المدارس العربیہ کے تحت تمام امتحانات میں کامیابی حاصل کر کےفارغ ہوچکا ہے، الحمدللہ ان فارغ التحصیل عالمات میں سے کئی عالمات مختلف اداروں میں معلمات کے طور پر اور کئی دروس قرآن کے حلقوں میں تفسیر قرآن کے ذریعہ خدمات بھی انجام دے رہی ہیں،
اس کے علاوہ گزشتہ آٹھ سالوں میں جامعہ مریم للبنات کے ذریعہ وفاق المدارس کا امتحان دینے والی طالبات میں ایک بڑی تعداد ان جزوقتی طالبات کی بھی ہے جو مختلف میڈیکل کالجز میں ڈاکٹر بن رہی ہیں یا بن چکی ہیں اور اپنی میڈیکل کی تعلیمی مصروفیات یا اپنی پیشہ ورانہ طبی مشغولیات کی وجہ سے تعلیم دین کے حصول کے لئے پورا وقت تو نہیں دے سکتی لیکن ہمارے حضرت جی دامت برکاتہم سے بیعت اور اصلاحی تعلق کی برکت سے ان کے قلوب میں بھی علم نبوی کو حاصل کرنے کی سچی لگن اور طلب پیدا ہو چکی ہے،
اس وجہ سے بہت سی ایسی طالبات جامعہ مریم للبنات کی طرف سے جزوقتی طالبہ کے طور پر وفاق المدارس العربیہ کے نصاب کےمطابق الحمداللہ تمام امتحانات باقاعدگی سے دے رہی ہیں، اس کے علاوہ جامعہ مریم للبنات میں جو شعبہ جات اس وقت کام کر رہے ہیں ان کی تفصیل پیش خدمت ہے
وفاق المدارس کا چھ سالہ درس نظامی کورس براے طالبات
دو سالہ دراسات دینیہ براے طالبات
وفاق المدارس العربیہ کا مکمل درس نظامی کورس براے جز وقتی طلباء
(ایسے مصروف حضرات کیلئے جو اپنی پروفیشنل اور کاروباری مشغولیت کے ساتھ ساتھ شام کےاوقات میں عالم کورس کرنا چاہتے ہیں)
قرآن پاک کا ترجمہ اور تفسیر کی کلاس براے خواتین و طالبات ہر بدھ کے دن صبح 11 بجے سے ایک بجے تک
سکول اور کالج کی طالبات کے لیے فہم دین کورس کی کلاس ہر ہفتہ کے دن شام پانچ بجے
بچیوں کے لیے ناظرہ قرآن پاک مع تجوید کی کلاس روزانہ شام ساڑھے پانچ بجے،
خواتین اور طالبات کے لیے رمضان المبارک میں دورہ تفسیر القرآن کا اہتمام
خواتین اور بچیوں کی دینی تربیت کے لئے ہفتہ وار تربیتی بیانات اور محافل ذکر کا انعقاد
انشاءاللہ رمضان المبارک کے بعد 25، شوال سے نئے تعلیمی سال کے موقع پر جامعہ میں کل وقتی طالبات کے لئے وفاق المدارس کے چھ سالہ مکمل درس نظامی کورس کے تمام درجات، اور جز وقتی طلباء کیلئے آٹھ سالہ درس نظامی کورس، اور خواتین کے لئے دراسات دینیہ کے دو سالہ کورس میں داخلے جاری ہیں ۔ امید ہے کہ آپ جامعہ کے ان تمام پروگرامز کی کامیابی کے لئے دعا بھی کریں گے اور ہر اعتبار سے عملی تعاون بھی، اللہ تعالی اپنی رحمت سے ہم سب کو اپنے پیارے دین کی خدمت اور نشرواشاعت کے لئے قبول فرما لے، آمین
اتر کر حرا سے سوے قوم آیا
اور اک نسخہ کیمیا بھی ساتھ لایا
وہ بجلی کا کڑکا تھا یا صوت ھادی
عرب کی زمین جس نے ساری ہلا دی
آئیے اس نسخہ کیمیا قرآن عظیم الشان کو پڑھیں سمجھیں اور اس کی مبارک تعلیمات پر محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری سنت کے مطابق عمل کریں،